قیمتی جواہرات دریافت کرنے والا شخص نصف تعداد کا مالک قرار

پیرس: فرانس کے مشہور پہاڑ سے قیمتی جواہرات دریافت کرنے والے کوہ پیما کو آٹھ سال بعد اس کی نصف مقدار کا مالک قرار دیا گیا ہے۔

2013 میں ایک فرانسیسی کوہ پیما کو مشہور مونٹ بلانک پہاڑ سے یہ نیلم اور زمرد جواہرات کی خاصی مقدار ملی تھی۔ اب ان کی مالیت 168,000 ڈالر بتائی جارہی ہے۔ آٹھ برس کی مسلسل تلاش کے باوجود ان جواہرات کا اصل مالک سامنے نہیں آسکا جس کی وجوہ آگے بیان کی جارہی ہے۔

اس کے بعد فرانس کی بلدیہ نے اسے تلاش کرنے والے کوہ پیما کو نصف ہیروں کا مالک قرار دیا ہے اور شامنی مونٹ بلانک کوہ پیما کونسل نے بھی اس کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ لیکن ان جواہرات کی داستان بہت دلچسپ ہے۔

1966 میں بھارتی ایئرلائن ایئر انڈیا کا ایک طیارہ یہاں سے گزررہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ بدقسمت طیارے میں یہ جواہرات تھے جو کسی مسافر کی ملکیت تھے۔ کئی دہائیوں بعد جواہرات 2013 میں ایک کوہ پیما کو ملے جو حکومتی تحویل میں دیدیئے گئے۔ اب ان کی نصف مقدار شامنی کرسٹل میوزیم کو دی جائے گی اور آدھی مقدار کا حقدار اسے تلاش کرنے والے کو ٹھہرایا گیا ہے۔