انگلینڈ کے سمندر سے چلی چھوٹی سی کشتی 462 دن بعد کہاں پہنچی؟

نیو ہیمپشائر: انگلینڈ کے کچھ طالب علموں نے اکتوبر 2020 میں چھوٹی سی کشتی کو اپنے اسکول کے پاس سمندر میں چھوڑا تھا جو بالآخر اپنی منزل پر پہنچ گئی ہے۔

رائے جونیئر ہائی اسکول کے ایجوکیشنل پیسیجز گروپ سے تعلق رکھنے والے بچے پانچویں اور چھٹی جماعت میں زیر تعلیم ہیں، جنہوں نے کشتی میں جی پی ایس نصب کر کے اُسے اپنے اسکول کے پاس سمندر میں چھوڑا تھا تاہم کشتی میں لگے جی پی ایس کے سگنلز کو ناقابل اعتماد قرار دیا گیا تھا۔

ایجوکیشنل پیسیجز کی ایگزیکیوٹیو ڈائریکٹر کیسی اسٹائمسٹ نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں بتایا کہ کشتی میں نصب کردہ جی پی ایس سسٹم نے ایک ماہ بعد ہی کام کرنا چھوڑ دیا تھا جس کے بعد سے اب تک میں اور طلبا سگنلز کا انتظار کررہے تھے۔

کیسی نے بتایا کہ اچانک 31 جنوری کو ایک سگنل موصول ہوا جو کشتی کے مقام کا پتہ 1 ہزار 921 کلومیٹر دور دے رہا تھا اور وہ مقام ناروے تھا۔

بعد میں معلوم ہوا کہ کشتی ناروے کی رہائشی ایک فیملی کو ملی تھی جو کسی جزیرے پر تفریح منانے کیلئے آئی ہوئی تھی۔