حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں ریکٹر کے 14 امیدوار فائنل

وفاقی حکومت کے تحت قائم ہونے والے نئے ادارے حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں ریکٹر کے تقرر کے سلسلے میں تلاش کمیٹی نے انٹرویو کے لئے30 امیدواروں میں سے 14 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے جن میں زاہد کھنڈ، ارشد سلیم، اسلم عقیلی، رخسار احمد، اسلام آباد کے ڈاکٹر جمانی، زبیر احمد، اربیلا بھٹو، محمد علی شیخ، رفیق میمن، عارف زبیر، حفیظ میمن، پروین منشی، انٹر بورڈ کرچی کے سعید الدین اور مدد علی شاہ شامل ہیں۔ تلاش کمیٹی کے اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر نے کی جب کہ وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چئیرمین ڈاکٹر مختار اور مہران یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالقدیرراجپوت، ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری اور دیگر نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ یہ تلاش کمیٹی حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں میرٹ پر پہلے ریکٹر کا تقرر کرے گی ۔ یاد رہے کہ حیدرآباد میں فیڈرل انسٹیٹیوٹ فار ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ سائنسز کے قیام کےلیے 100 ایکڑ زمین کی مفت الاٹمنٹ ہوچکی ہے۔یہ زمین چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت کی کوششوں کے باعث الاٹ ہوئی یہ زمین دیہہ گنجو ٹکر، تعلقہ لطیف آباد، ضلع حیدرآباد نمبر 1 میں فراہم کی گئی ہے جو 100 ایکڑ ہے۔