ورلڈ میری ٹائم یونیورسٹی مالمو میں عالمی دن پر تقریب، پاکستان سمیت 54 ملکوں کی شرکت

میری ٹائم سیکٹر میں اپنا لوہا منوانے والے تعلیمی ادارے ورلڈ میری ٹائم یونیورسٹی میں عالمی دن پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں دنیا کے 54ممالک کی ثقافت، ملبوسات اور کھانوں کی نمائش کی گئی، پاکستانی ملبوسات کی دھوم کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ یونیورسٹی کی رجسٹرار نے پاکستانی شلوار قمیض زیب تن کر رکھا تھا۔ ہر ملک کی جانب سے لوک گیتوں پر رقص بھی کیا گیا، پاکستان نیوی کے کمانڈر ذیشان بیگ کی ٹیم نے ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستانی ثقافت اور پرچم کو سربلند رکھا۔ ورلڈ میری ٹائم یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات بسمہ خان اور ساتھی طالبہ کی جانب سے پاکستانی روایتی کھانے شرکامیں مفت تقسیم کئے گئے جب کہ سویڈن میں مقیم پاکستانی سیاسی و سماجی اداروں کی سرکردہ شخصیات نے بھی تقریب میں بھرپور شرکت کی۔میڈیا کیلئے خصوصی پیغام ریکارڈ کرواتے ہوئے کمانڈر ذیشان کا کہنا تھا کہ رواں برس پاکستان سے دو طالبات ،شپ یارڈ اور میری ٹائم سیکٹرز سے تعلیم حاصل کرنے کیلئے ورلڈ میری ٹائم یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کررہی ہیں جوکہ ہماری انتھک محنت کا ایک منہ بولتا ثبوت ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں میری ٹائم سیکٹر سے تعلق رکھنے والے ہر شعبے کو چاہئے کہ اپنے اپنے اداروں سے طلبہ کو ورلڈ میری ٹائم یونیورسٹی میں بھیجیں تاکہ پاکستان کا میری ٹائم سیکٹر جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرنے میں کسی سے پیچھے نہ رہے۔