ایم ڈی کیٹ کے امتحان میں نقل کرنے والے طلبہ پر 2 سال کیلئے پابندی

پشاور میں ایم ڈی کیٹ کے امتحان میں نقل کرنے والے طلبہ پر 2 سال کے لیے پابندی عائد کر دی گئی جس کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے طلبہ پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا ہے کہ 219 طلبہ پر 2 سال کے لیے ایم ڈی کیٹ دینے پر پابندی عائد ہو گی۔

جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق نقل کرنے والے طلبہ 2 سال کے لیے ایم ڈی کیٹ میں حصّہ نہیں لے سکتے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ طلبہ پر پابندی ایٹا کی تفصیلی رپورٹ کی روشنی میں لگائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال 10 ستمبر کو ایم ڈی کیٹ امتحانات منعقد ہوئے تھے، جس میں مختلف مراکز میں طلبہ بلیو ٹوتھ ڈیوائسز اور دیگر ذرائع سے نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔

بڑے پیمانے پر نقل کے کیسز سامنے آنے پر خیبر پختون خوا کابینہ نے ٹیسٹ کو منسوخ کر دیا تھا۔