چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی وفاقی تعلیم کا 551 اساتذہ کی فوری بحالی کا حکم

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم کے چیئرمین عرفان صدیقی نے نوکری سے فارغ کیے جانے والے 551 ڈیلی ویجز ملازمین کی فوری بحالی کا حکم دے دیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی وفاقی تعلیم کا سینٹر عرفان صدیقی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن نے کمیٹی کو مسائل سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران ینگ ٹیچرز نے بتایا کہ ڈیلی ویجز ملازمت کرنے والے اساتذہ کو نوکری سے محروم کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی اساتذہ کو بغیر وجہ بتائے فارغ کرنے پر سیکریٹری وفاقی تعلیم پر برہم ہوگئے اور 500 سے زائد اساتذہ کو فوری بحال کرنے کی ہدایت کردی۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ 500 سے زائد اساتذہ کو 10 اگست کو بغیر وجہ بتائے فارغ کیا گیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ 551 اساتذہ کو کل سے دوبارہ نوکری پر آنے کی اجازت دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ 551 میں سے 400 سے زائد خاتون اساتذہ ہیں جو پچھلے 15 برس سے کام کر رہی ہیں۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ غیر ہمدردانہ ہی نہیں مجرمانہ قدم ہے۔

سیکریٹری وفاقی تعلیم نے قائمہ کمیٹی کی ہدایت پر عمل کرنے کی یقین دہانی کروادی۔

ڈی جی اور ڈائریکٹر تعلیم کی جانب سے کمیٹی کو گمراہ کرنے کا معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔