مدارس اسلامی تعلیمات کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر کے مدارس اسلامی تعلیمات کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کو پاکستانی ،اسلامی این جی اوز کا بڑا نیٹ ورک کہا جاسکتا ہے جو کہ شعور اور تعلیمات کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 40 سے 50 لاکھ طلبہ مدارس میں زیر تعلیم ہیں جس میں سے نصف تعداد بچیوں کی ہے، ان مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں طلبا کو مفت رہائش، کھانا اور تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے اس نیک سماجی خدمت میں مدارس کا ہاتھ بٹائے تاہم اس حوالے سے باہمی مشاورت ست تمام تر اقدامات کئے جائیگے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف سے اتحاد تنظیم المدارس کے وفد کی ملاقات ہوئی تھی۔

اس دوران علماء کرام نے دینی مدارس سے متعلق مسائل پر وزیر اعظم کو آگاہ کیا، دینی مدارس کی رجسٹریشن کا معاملہ بھی وزیر اعظم کے سامنے اٹھایا گیا تھا ۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد پر بھی بات چیت کی گئی تھی تاہم وفد سے گفتگو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علماء دہشتگردی و انتہاپسندی اور مذہبی منافرت کے خاتمہ کے لیے اپنا کردار ادا کریں، پوری قوم دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف ایک بیانیہ پر متفق ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت ملک کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

بعدازاں وزیر اعظم کی جانب سے علمائے کرام کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔