ایم ڈی کیٹ امتحان کا دوبارہ انعقاد، نظرثانی اپیلیں آج دائر کرنیکا امکان

ملک بھرمیں ایم ڈی کیٹ کے امتحان کے دوبارہ انعقاد کے حوالے سے خارج کی گئیں درخواستوں پر نظرثانی کی اپیلیں تیار کرلی گئیں جو آج (پیر) دائر کئے جانے کا قوی امکان ہے ،

سپریم کورٹ نے کے پی اور سندھ میں ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کیخلاف درخواستیں خارج کردی تھیں ، سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی اپلائی کی گئی تھی وہ بھی آج مل جائیگی اس کے بعد عدالتی فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست اکرام چوہدری ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء دائر کریں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا اور سندھ میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کیخلاف دائر درخواستیں خارج کردی تھیں اور کے پی اور سندھ میں ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کا ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تھی۔ پشاور ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں نقل کی بنیاد پر دوبارہ انعقاد کو صوبائی حکومت کا اختیار قرار دیا تھا۔

سپریم کورٹ میں حبیب اللہ قریشی ایڈووکیٹ سمیت کئی وکلاء عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیئے تاہم عدالت کا کہنا تھا کہ دھوکہ دہی سے امتحان دینے والے طلبا کی وجہ سے نظام خراب ہوا ہے اس لئے اس کا دوبارہ امتحان لینا ضروری ہے دوسرا یہ ایک پالیسی معاملہ ہے جس میں عدالت مداخلت نہیں کرسکتی ہے اس پر وکلاء نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے بھی تو اس میں مداخلت کی ہے تو وہ فیصلہ کیسے برقرار رکھا جاسکتا ہے اس پر سپریم کورٹ نے کہا کہ اب جبکہ امتحان میں صرف دو دن رہ گئے ہیں ایسے میں مداخلت نہیں کرناچاہتے، وکلاء نے عدالت میں اپنے موقف میں کہا کہ 40 ہزار لوگ متاثر ہوئے ہیں،5 طرح کے پیپر ہوتے ہیں، ایک جیسے نہیں ہوتے، ایک پیپر لیک ہوا ہے، کراچی میں نہیں لاڑکانہ میں پیپر لیک ہوا ہے۔

دوسری جانب پی ایم ڈی سی کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ 2 موبائل فونز کا فرانزک ہوا جس سے ثابت ہوا کہ پیپر لیک ہوا ہے، انکوائری کمیٹی، صوبائی کابینہ نے پی ایم ڈی سی کو کہا کہ دوبارہ ٹیسٹ ہوگا۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ٹیسٹ کی تاریخ 19 نومبر کی بجائے2 ماہ آگے بڑھائی جائے۔

تاہم عدالت نے وکلاء کے دلائل سے اتفاق نہیں کیا اور درخواستیں خارج کردیں، طلباء کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ اچھا نہیں ہوا ہے کتنی مشکل سے اور بہت محنت سے امتحان پاس کیا تھا، اس کیس میں نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کے بارے میں مشاورت کرلی ہے نظرثانی کی اپیلیں دائر کی جائیں گی۔

امتحان کے انعقاد کے بعد نظرثانی اپیلیں غیرموثر ہونے کا بھی امکان ہے۔

کیونکہ اس امتحان کو روکنے کیلئے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی تاہم سپریم کورٹ نے اس امتحان کے انعقاد کے لئے کہہ دیا تھا اب اس فیصلے کے بعد امتحان کا انعقاد بھی کردیا گیا ہے ایسے میں اس کیس میں کی گئی نظرثانی کی اپیلیں غیرموثر ہونے کا امکان ہے۔