سرگودھا میں خواجہ سراؤں کا پہلا سکول قائم

سرگودھا میں خواجہ سراؤں کا پہلا سکول قائم کر دیا گیا جہاں مفت کتابیں، ٹرانسپورٹ کی سہولت اور وظیفہ بھی دیا جائے گا۔

حکومت کی ہدایت پر محکمہ تعلیم نے سرگودھا میں خواجہ سراؤں کا سکول قائم کردیا جہاں 25 سے زائد خواجہ سراؤں نے داخلہ لےکر تعلیم بھی شروع کردی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ داخل ہونے والے خواجہ سراؤں کو نہ صرف کتابیں، یونیفارم اور ٹرانسپورٹ کی مفت سہولت ہوگی بلکہ انہیں وظیفہ بھی دیاجائے گا۔

محکمہ ایجوکیشن کے ترجمان محمد الیاس باجوہ کا کہنا تھا کہ ٹرانسجینڈر نے اس اقدام کو بہت سراہا ہے اور کہا ہے کہ پہلی دفعہ گورنمنٹ کا یہ بہت اچھا منصوبہ آیا ہے جس میں ہمیں پڑھایا بھی جارہا ہے اور وظیفہ بھی دیا جارہا ہے اور ٹیچر کی تنخواہ بھی بہت اچھی ہے۔

سکول میں تعلیم دینے والے اساتذہ بھی خواجہ سرا رکھے گئے ہیں جب کہ خواجہ سراؤں کے گروہ کو ماہانہ 30 ہزار روپے بھی سرکار تنخواہ کی مد میں دے گی۔