اساتذہ کی ٹرانسفر اور پوسٹنگز قانون کے مطابق ہونی چاہئے، تدریسی عملے سے تدریس کا ہی کام لیا جائے، مدد علی سندھ

نگراںوفاقی وزیر برائے وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ اساتذہ کی ٹرانسفر اور پوسٹنگز قانون کے مطابق ہونی چاہئے، تدریسی عملے سے تدریس کا ہی کام لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز سیدپور ویلج کے اچانک دورہ کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے اس موقع پر طلباء سے مطالعہ پاکستان کے سوالات کئے ۔

طلباء کی حاضر جوابی پر وفاقی وزیر نے اساتذہ اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت عمدہ بات ہے کہ طلباء کو مطالعہ پاکستان پر عبور حاصل ہے ۔ انہوں نے سکول کی دیکھ بھال کیلئے مالی اور چوکیدار نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے سکول کے دور ہ میں بنیادی سہولیات کی خستہ حالی پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ ایریا ایجوکیشن آفیسر کو شو کاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ دو دن کہ اندر تمام سہولیات کو ٹھیک کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر پی ایس ڈی پی کے ترقیاتی منصوبوں کو فوری مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر نئے کلاس روم بنائے جائیں، تدریسی عملے کو صرف تدریسی معاملات دیکھنے چاہئیں، انتظا می اختیارات اساتذہ کو نہیں ملنے چاہئیں، تدریسی عملہ صرف تدریس کا ہی کام کرے۔