واٹس ایپ نے چیٹ انٹرفیس کی تبدیلی پر کام شروع کردیا

سان فرانسسكو: واٹس ایپ نے آئی او ایس صارفین کے لیے چیٹ باکس کے انٹرفیس کو تبدیل کر کے نئے انداز سے پیش کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔

واٹس ایپ پر نظر رکھنے والے ادارے ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق کمپنی آئی فون چیٹ باکس کے انٹرفیس کو جلد تبدیل کرنے جارہی ہے۔

اس تبدیلی کے بعد آئی فون صارفین کو مستقبل میں ایک ہی ونڈو پر گروپ اور براڈ کاسٹ فہرست تشکیل دینے کی سہولت حاصل ہوگی، گروپ کا بٹن اوپر دائیں جانب ہوگا جبکہ براڈ کاسٹ لسٹ تشکیل دینے کا آپشن اوپر بائیں ہاتھ پر پاپ اپ کی صورت میں نظر آئے گا۔

واٹس ایپ نے اس تبدیلی کی آزمائش شروع کردی ہے، علاوہ ازیں کمپنی نے آئی او ایس 15 بیٹا صارفین کو دو نئے فیچر ڈسپلے پکچر اور گروپ چیٹ نوٹی فکیشن کی سہولت فراہم کردی ہے۔

چیٹ نوٹی فکیشن کے تحت گروپ میں شامل کوئی شخص مخاطب کر کے کسی بھی پیغام کا جواب دے گا تو وہ صارف کے موبائل پر نئے واٹس ایپ میسج کی صورت میں نظر آئے گا۔

دوسری جانب واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے کمیونٹی فیچر کی آزمائش بھی شروع کردی ہے، 2.21.25.17 بیٹا ورژن صارفین گروپ تشکیل دینے والے آپشن میں جاکر کمیونٹی فیچر کی آزمائش کا حصہ بن سکتے ہیں۔